خودکار مہلک ہتھیاروں کے نظام کی غیر منظم مسابقت انتہائی مہنگی اور عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے،سفیر طاہر حسین اندرابی
خودکار مہلک ہتھیاروں کے نظام کی غیر منظم مسابقت انتہائی مہنگی اور عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے،سفیر طاہر حسین اندرابی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ آفس جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر طاہر حسین اندرابی نے خودکار مہلک ہتھیاروں کے نظام کی غیر منظم دوڑ کو عالمی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے ان کے مؤثر عالمی ضابطوں اور قانونی نگرانی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خودکار مہلک ہتھیاروں کے نظام کی غیر منظم مسابقت بالخصوص جنوبی ایشیا جیسے خطے میں انتہائی مہنگی اور عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد اور سسٹین ایبل پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن(سپیڈو) کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار ’’خودکار مہلک ہتھیار: عالمی مشاورت سے قانونی ردعمل تک‘‘ کے شرکاء سے ویڈیو پیغام میں کیا۔سیمینار میں تزویراتی امور کے ماہرین، اساتذہ اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔سفیر طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان 2013 سے خودکار مہلک ہتھیاروں کے معاملے پر عالمی سطح پر سرگرم کردار ادا کر رہا ہے،اس وقت بہت کم ممالک اس مسئلے پر توجہ دے رہے تھے،پاکستان مسلسل اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ ایسے ہتھیاروں کی مؤثر ضابطہ بندی اور نگرانی ہونی چاہیے جو طاقت کے استعمال سے متعلق فیصلے انسانوں سے لے کر مشینوں کے سپرد کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ہتھیاروں سے وابستہ انسانی اور بنیادی حقوق کے خطرات کے ساتھ ساتھ ان کے علاقائی اور عالمی سلامتی و استحکام پر اثرات کو بھی اجاگر کرتا رہا ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ’’سپیڈو ‘‘کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رضا شاہ خان نے کہا کہ خودکار مہلک ہتھیار مصنوعی ذہانت کے ذریعے انسانی مداخلت کے بغیر اہداف کی شناخت،انتخاب اور ان پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس سے شہریوں اور فوجی اہداف کے درمیان امتیاز کرنے کی صلاحیت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے ’’ مہلک روبوٹس روکنے کی عالمی مہم‘‘ کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال اور خودکار مہلک ہتھیاروں پر پابندی کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
’’مہلک روبوٹس روکنے کی عالمی مہم ‘‘کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نکول وان روئین نے خودکار مہلک ہتھیاروں کے حوالے سے عالمی سطح پر ہونے والی مشاورت اور مباحثے کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندگی اور موت کے فیصلے مشینوں کے سپرد کرنا بنیادی اخلاقی سوالات کو جنم دیتا ہے۔انہوں نے اس معاملے پر پاکستان کی دیرینہ قیادت اور کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خودکار ہتھیاروں کے نظام کے حوالے سے کنونشن آن کنونشنل ویپنز میں چھٹے پروٹوکول کی تشکیل کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور مسلح تنازعات کے دوران شہری آبادی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ایئر یونیورسٹی اسلام آباد کے فیکلٹی آف ایروسپیس اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز کے ڈین ڈاکٹر عادل سلطان نے مستقبل کی جنگوں میں مصنوعی ذہانت، سائبر اور کوانٹم ٹیکنالوجیز کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے خبردار کیا کہ روایتی اور جوہری عسکری کارروائیوں کے درمیان باہمی الجھاؤ اور اشتراک خطرناک صورتحال پیدا کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول کے عالمی نظام ابھرتی ہوئی فوجی ٹیکنالوجیز کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کافی نہیں، جبکہ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی اور اسلحہ کنٹرول سے متعلق عالمی مذاکرات کے درمیان بھی واضح فرق موجود ہے۔
انہوں نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور جدید تصدیقی نظام وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کی پروفیسر ڈاکٹر رضوانہ عباسی نے فوجی مصنوعی ذہانت اور خودکار مہلک ہتھیاروں کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ دونوں میں بنیادی فرق ہتھیاروں کو حاصل خودمختاری کی سطح اور دائرہ کار کا ہے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ ایسے نظام رفتار، رابطہ کاری اور عملی کارکردگی کے حوالے سے فوائد کے حامل ہوسکتے ہیں تاہم ان کے استعمال سے تزویراتی استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ان میں حادثاتی کشیدگی، غلط اندازے اور فیصلہ سازی کے لیے دستیاب وقت میں کمی جیسے مسائل شامل ہیں، جس سے سفارت کاری کے ذریعے تنازعات حل کرنے کی گنجائش محدود ہو سکتی ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیزاسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل سفیر معین الحق نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ فوجی ٹیکنالوجی میں ترقی اکثر بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں کی تشکیل سے آگے نکل جاتی ہے۔
خودکار ہتھیاروں کا نظام بھی موجودہ اسلحہ کنٹرول کے عالمی ڈھانچے کی محدود صلاحیتوں کو نمایاں کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ فوجی نظاموں میں خودکار صلاحیتوں کا استعمال کوئی نئی بات نہیں، تاہم مشینوں کی جانب سے خودمختار طور پر جان لیوا فیصلے کرنے کے بڑھتے ہوئے امکانات انسانی، قانونی، اخلاقی اور سلامتی سے متعلق سنگین خدشات پیدا کر رہے ہیں، خصوصاً شہری آبادی کے تحفظ اور ذمہ داری کے تعین کے حوالے سے۔سیمینار کے ابتدائی کلمات میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کے آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمامنٹ سینٹرکے ڈائریکٹر ملک قاسم مصطفیٰ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کو ہتھیاروں میں استعمال کرنے کا بڑھتا ہوا رجحان جنگی حکمت عملیوں کو تبدیل کر رہا ہے اور سلامتی کے پیچیدہ چیلنجز پیدا کر رہا ہے۔انہوں نے جنوبی ایشیا کے تناظر میں کہا کہ مئی 2025 کے تنازع کے بعد بھارت کی جانب سے خودکار ہتھیاروں کے نظام کی تیاری میں تیزی اور بغیر براہ راست رابطے کے جنگی حکمت عملی کی تیاری خطے کے سلامتی سے متعلق خدشات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔
اختتامی کلمات میں انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سفیر خالد محمود نے خودکار مہلک ہتھیاروں کے حوالے سے مضبوط قانونی بنیادوں پر مبنی اور عملی طور پر مؤثر عالمی ردعمل کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں پیش رفت کا انحصار اس بات پر ہے کہ عالمی ممالک مشترکہ خدشات کو بامعنی بین الاقوامی معاہدوں اور عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے کس حد تک آمادگی ظاہر کرتے ہیں۔خالد محمود نے کہا کہ اگرچہ ٹیکنالوجی کی ترقی کو روکا نہیں جا سکتا، تاہم تکنیکی پیش رفت کے ساتھ انسانی ذمہ داری اور جواب دہی کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔







