عالمی یوم وٹامن ڈی کے سلسلے میں ’ڈی کنیکٹ سمٹ 2026‘ کا انعقاد، طبی ماہرین کا عوامی آگاہی میں اضافے پر زور
عالمی یوم وٹامن ڈی کے سلسلے میں ’ڈی کنیکٹ سمٹ 2026‘ کا انعقاد، طبی ماہرین کا عوامی آگاہی میں اضافے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):طبی ماہرین نے عوامی آگاہی میں اضافے، بروقت تشخیص اور شواہد پر مبنی علاج کے ذریعے وٹامن ڈی کی کمی پر قابو پانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ زندگی کے مختلف ادوار میں ہر عمر کے افراد کو متاثر کرتا ہے اور اس ضمن میں ہڈیوں کی صحت، خواتین کی صحت اور مجموعی تندرستی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار سکاٹ مین فارماسیوٹیکلزکے زیر اہتمام عالمی یوم وٹامن ڈی کے سلسلے میں اسلام آباد میں منعقدہ ’ڈی کنیکٹ سمٹ 2026‘ میں کیا گیا۔ اس سمٹ میں ملک کے ممتاز طبی ماہرین اور صحت کے شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی جہاں پاکستان میں وٹامن ڈی کی کمی کے بحران، اس کے صحت پر مرتب ہونے والے اثرات اور اس سے نمٹنے کی موثر حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نیسکام ہسپتال اور علی میڈیکل سینٹر کے کنسلٹنٹ میڈیکل سپیشلسٹ اور پلمونولوجسٹ ڈاکٹر رضوان اطہر نے ’’پاکستان میں وٹامن ڈی کا بحران اور پی ایس آئی ایم گائیڈ لائنز‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے وٹامن ڈی کی کمی کو صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ تسلیم کرنے اور اس کی درست تشخیص و علاج کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ معالجین اور عوام میں شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ طبی رہنما اصولوں (گائیڈ لائنز) پر عمل درآمد سے وٹامن ڈی کی کمی کے تدارک کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے پروفیسر آف آرتھوپیڈکس اور کنسلٹنٹ آرتھوپیڈک اینڈ ٹراما سرجن پروفیسر ڈاکٹر عامر نبی نور نے ’’بچپن سے بڑھاپے تک: وٹامن ڈی -ہڈیوں کی صحت کا عمر بھر کا ساتھی‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے انسانی زندگی میں وٹامن ڈی کی اہمیت بالخصوص کیلشیم کے انجذاب، ہڈیوں کی نشوونما اور ڈھانچے کی مضبوطی میں اس کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط ہڈیوں کی بنیاد بچپن اور لڑکپن میں رکھی جاتی ہے جبکہ عمر کے آخری حصوں میں ہڈیوں کی پیچیدگیوں سے بچاؤ کے لیے متوازن غذا، جسمانی سرگرمی اور جسم میں وٹامن ڈی کی مناسب مقدار برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔آئی سی آر ایم اسلام آباد کی پروفیسر آف گائناکالوجی اینڈ اوبسٹیٹرکس اور میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ محمود نے ’’زرخیزی سے سن یاس (پوسٹ مینوپاز) تک: خواتین کی صحت میں وٹامن ڈی کی کلینیکل اہمیت‘‘ پر گفتگو کی۔ انہوں نے زندگی کے مختلف مراحل یعنی تولیدی عمر، حمل اور سن یاس کے بعد خواتین کی صحت میں وٹامن ڈی کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
انہوں نے خواتین میں غذائی کمی سے متعلق آگاہی بڑھانے اور تولیدی، زچگی اور ہڈیوں کی صحت کے بہتر نتائج کے لیے بروقت طبی معائنے کی اہمیت پر زور دیا۔سمٹ میں ممتاز طبی ماہرین پر مشتمل ایک پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوئی جس میں درج ذیل ماہرین نے شرکت کی ۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اسلم بٹ (ہیپاٹولوجسٹ، جنرل فزیشن، معدے و جگر کے ماہر اور پمز ہسپتال کے شعبہ گیسٹرو اینٹرولوجی کے سابق سربراہ) نے غذائی کمی کی بروقت شناخت اور مریضوں کے جامع طبی معائنے و مناسب علاج کے ذریعے اس کے اثرات سے نمٹنے کے حوالے سے اپنا کلینیکل نقطہ نظر پیش کیا۔ڈاکٹر محمد ایاز (کنسلٹنٹ آرتھوپیڈک سرجن، این آئی آر ایم ہسپتال اسلام آباد) نے احتیاطی تدابیر، متوازن غذا اور بروقت طبی مداخلت کے ذریعے ہڈیوں کی صحت برقرار رکھنے اور پیچیدگیوں کے خطرات کو کم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔پروفیسر ڈاکٹر سیدہ بتول مظہر (پروفیسر آف گائناکالوجی اینڈ اوبسٹیٹرکس اور صدر پاکستان مینوپاز سوسائٹی) نے بالخصوص سن یاس (مینوپاز) اور اس کے بعد خواتین کی صحت سے متعلق آگاہی، اور درست طبی رہنمائی کے ذریعے غذائی و ہڈیوں کی صحت کے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔’ڈی کنیکٹ سمٹ 2026‘ نے طبی ماہرین کو باہمی علم کے تبادلے اور وٹامن ڈی کی کمی سے نمٹنے کے لیے شواہد پر مبنی طریقہ کار پر گفتگو کا ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔ اس موقع پر ہونے والی گفتگو میں عوامی شعور، احتیاطی صحت اور مستند معالج کے مشورے سے سپلیمنٹس کے ذمہ دارانہ استعمال کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔سکاٹ مین فارماسیوٹیکلز ’ڈی کنیکٹ سمٹ‘ جیسے اقدامات کے ذریعے پاکستان میں صحت کے اہم چیلنجز پر پیشہ ورانہ مکالمے کے فروغ اور عوامی آگاہی بیدار کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔







