پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے ملک بھر میں ٹیلی کام سروسز کے ناقص معیار اور تکنیکی خامیوں کے تدارک کے لیے جاری
ٹیلی کام سروسز میں خامیوں کی نشاندہی، پی ٹی اے کی ملک گیر مانیٹرنگ میں 1,127 سے زائد موبائل سائٹس کا معائنہ مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے ملک بھر میں ٹیلی کام سروسز کے ناقص معیار اور تکنیکی خامیوں کے تدارک کے لیے جاری فیلڈ مانیٹرنگ مہم کے دوران مزید 226 موبائل سائٹس کا معائنہ مکمل کر لیا جس کے بعد اب تک جانچی جانے والی سائٹس کی مجموعی تعداد 1,127 سے تجاوز کر گئی ہے۔ترجمان پی ٹی اے کے مطابق 29 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک جاری رہنے والے حالیہ معائنے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، بہاولپور، سرگودھا، پنڈی گھیب، چارسدہ، ہری پور، مانسہرہ، گوادر، میرپور، اسکردو اور کھرمنگ میں کیے گئے۔
اس مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندوں، مقامی سٹیک ہولڈرز اور ٹیلی کام آپریٹرز سے بھی روابط کیے گئے تاکہ عوامی شکایات اور سروسز میں موجود نقائص کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔فیلڈ معائنوں کے دوران متعدد تکنیکی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل سامنے آئے جن میں بجلی کی فراہمی اور متبادل توانائی کے انتظامات میں کمزوریاں، بیٹریاں اور جنریٹرز خراب ہونے، آلات کے نقائص اور فائبر آپٹک کیبلز کے تحفظ سے متعلق خامیاں شامل ہیں۔پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ اتھارٹی مسلسل نگرانی اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے ان خامیوں کے فوری ازالے کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ ملک بھر میں صارفین کو معیاری اور قابلِ اعتماد ٹیلی کام سروسز میسر آ سکیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سروس برقرار رکھنے یا جلد بحالی ممکن ہو۔







