سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کی جانب سے مختلف تعلیمی اداروں میں ٹریفک قوانین اور محفوظ سفری اصولوں سے متعلق آگاہی مہم جاری ہے۔
سٹی ٹریفک پولیس کی بیکن ہاؤس سکول میں بچوں کے لیے خصوصی ٹریفک آگاہی مہم

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 20 نومبر (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کی جانب سے مختلف تعلیمی اداروں میں ٹریفک قوانین اور محفوظ سفری اصولوں سے متعلق آگاہی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں بیکن ہاؤس سکول میں بچوں کے لیے خصوصی ٹریفک آگاہی سرگرمی کا انعقاد کیا گیاجس کا مقصد طلبہ کو کم عمری میں ہی ٹریفک قوانین کی اہمیت، سڑکوں پر احتیاطی تدابیر اور ذمہ دارانہ شہری رویوں سے روشناس کروانا تھا۔اس موقع پر ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے اہلکاروں نے بچوں کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی اور مختلف عملی سرگرمیوں کے ذریعے انہیں بتایا کہ سڑک عبور کرتے وقت زیبرا کراسنگ کا استعمال کس طرح کیا جاتا ہے، لین لائن کی پابندی کیوں ضروری ہے اور ٹریفک سگنلز کی سرخ، پیلی اور سبز بتیوں کا کیا مطلب ہے۔ بچوں کو یہ بھی بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
آگاہی سرگرمی کے دوران طلبہ کو عملی طور پر سمجھایا گیا کہ سڑک پر چلتے ہوئے اور اسے عبور کرتے وقت کن احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا چاہیے۔ والدین اور دیگر شہریوں کو بھی ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کی ترغیب دینے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا نے کہا کہ ٹریفک قوانین بارے شعور اجاگر کرنے کا بہترین وقت بچپن ہے کیونکہ آج کے باشعور بچے ہی مستقبل میں ذمہ دار، قانون پسند اور مہذب شہری بنیں گے۔ نئی نسل کو ٹریفک اصولوں سے آگاہ کرنا محفوظ معاشرے کی تشکیل اور حادثات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ شہر کے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ٹریفک آگاہی پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ طلبہ میں ٹریفک قوانین کی پاسداری، نظم و ضبط، ذمہ داری اور شہری شعور کو فروغ دیا جا سکے۔ٹریفک پولیس کے مطابق محفوظ سفر صرف قوانین بنانے سے ممکن نہیں بلکہ ان پر عمل درآمد اور عوام میں شعور بیدار کرنے سے ہی حادثات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ اس لیے تعلیمی اداروں میں جاری یہ آگاہی مہم ایک محفوظ، مہذب اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے۔







