نیویارک ۔ 25 جون(اے پی پی) یورپی یونین سے برطانیہ کے اخراج بارے ریفرنڈم کے بعد دنیا بھر کے حصص بازاروں میں شدید مندی کا رجحان جاری ہے اور اب تک سرمایہ کاروں کے 2.1 ٹریلین ڈالر ڈوب گئے۔ ایک روز قبل برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج بارے ریفرنڈم کے نتائج کے بعد دنیا بھر کے حصص بازاروں پر مندی چھائی رہی اور ابتدائی اندازوں کے مطابق اس وقت سرمایہ کاروں کے 2.1 ٹریلین ڈالر ڈوب چکے ہیں۔ امریکی سٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی کا رجحان غالب رہا۔ ڈوجانز انڈسٹریل ایوریج میں مجموعی طور پر 3.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈکس میں ایک دن میں مجموعی طور پر 610 پوائنٹ کی کمی دیکھنے میں آئی جو گزشتہ پانچ برسوں میں کسی ایک روز میں سب سے زیادہ کمی ہے۔ ایس اینڈ پی انڈکس میں بھی 3.6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انڈکس 2037.30 تک گر گیا۔ اسی طرح ناسڈک کمپوزٹ انڈکس میں مجموعی طور پر 4.1 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی اور انڈکس 4707.98 پوائنٹس تک گر گیا۔ سب سے زیادہ بینکنگ ،توانائی، ٹریول اور صنعتی شعبوں کے حصص پر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=9903