سی پیک منصوبوں پر کام جاری ہے،کم ترقی یافتہ علاقوں کی طرف خاص توجہ دی جارہی ہے، عاصم سلیم باجوہ

لاہور۔28جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے لاہور چیمبر کو گوادر میں “گوادر بزنس کانفرنس “کروانے کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔اسلام آباد میں اپنے دفتر میں لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح سے ملاقات کے دوران عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور وہ بہت جلد لاہور چیمبر کا دورہ کرکے گوادر میں کاروباری مواقع کے بارے تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی طرف خاص توجہ دی جارہی ہے۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ اس منصوبے سے باہمی روابط مستحکم اور تجارت و سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے جس سے نہ صرف دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا بلکہ یہ دیگر علاقائی ممالک سے بھی منسلک ہونگے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ یہ عظیم منصوبہ شروع کرنے پر دونوں ممالک خراج تحسین کے مستحق ہیں،اس منصوبے میں دونوں ممالک کی کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ پاکستان کی صنعت بھی اس سے فائدہ اٹھاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل کیلئے مقامی خام مال کو ترجیح دی جائے،اسی طرح چینی سرمایہ کاروں کو ترغیب دی جائے کہ وہ پاکستان میں مقامی وینڈر انڈسٹری ڈویلپ کریں جس کے ذریعے سی پیک کو خام مال فراہم کیا جاسکے، اس سے پاکستان کی چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو بہت فائدہ ہوگا۔