کوئٹہ۔ 08 نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور سیکرٹری صحت مجیب الرحمن نے ہاکی گرائونڈ تصادم کے نتیجے میں زخمیوں کی اطلاع پر سول ہسپتال کوئٹہ و ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کرکے اضافی طبی عملے کو طلب کر لیا۔ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر میر نور اللہ موسی خیل کے مطابق ہاکی گروانڈ تصادم کے 12 زخمیوں کو شعبہ حادثات سول ہسپتال کوئٹہ میں ابتدای طبی امداد کے بعد ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر میر نور اللہ موسی خیل اور مینجنگ ڈاریکٹر ٹراما سینٹر ڈاکٹر ارباب کامران کی نگرانی میں ہاکی گروانڈ تصادم کے زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
ڈاکٹرنور اللہ موسیٰ خیل کے مطابق زخمیوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کے لیے تمام وسال کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔تمام زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں منیجنگ ڈائریکٹر ٹراما سینٹر ڈاکٹر ارباب کامران کے مطابق مشکل کی اس کی گھڑی میں تمام طبی اداروں کے مربوط اور کثیر الجہتی اقدامات زخمیوں کی طبی مدد میں معاون ثابت ہونگے۔صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی ہمارا نصب العین ہے اور ہم سب کو انہی دستیاب وسائل کو بہتر طور پر استعمال میں لاتے ہوئے انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کرنا ہوگا۔