سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سردار احمد نواز سکھیرا کا تقریب سے خطاب

100

اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) تین روزہ ایشیاءپیس فلم فیسٹیول بدھ کو یہاں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں اختتام پذیر ہو گیا۔ فیسٹیول کے ذریعے مختلف ممالک کے مابین امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیا گیا۔ فیسٹیول کا اہتمام وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ نے ایشیاءپیس فلم فیسٹیول کے اشتراک سے کیا تھا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سردار احمد نواز سکھیرا نے کہا کہ ایشیاءبھر سے تمام تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کو جمع کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فیسٹیول کے چیف ایگزیکٹو امجد بھٹی کو فیسٹیول کے انعقاد پر مبارکباد دی اور منتظمین کے ٹیم ورک اور نوجوان رضا کاروں کے جذبے کو سراہا۔ سردار احمد نواز سکھیرا نے کہا کہ اس طرح کی سماجی اور ثقافتی تقریبات کے انعقاد کے ذریعے ایشیائی ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانا بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس طرح انکو ایک دوسرے کی اقدار اور معاملات کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد ملے گی۔