آئی سی اے او آڈٹ ٹیم نے پاکستان ایوی ایشن سسٹم کے آڈٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا

120
ICAO Audit Team
ICAO Audit Team

اسلام آباد ۔20فروری (اے پی پی):آئی سی اے او ٹیم نے پاکستان ایوی ایشن سسٹم کے آڈٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق (آئی سی اے او) ‘آئی کیو’ نے یونیورسل سیکورٹی آڈٹ پروگرام مسلسل مانیٹرنگ اپروچ (USAP-CMA) ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا۔چار رکنی ائی کیو سیکیورٹی ٹیم نے سول ایوی ایشن ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر اعلی حکام سے ملاقات کی ۔ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری نادر شفیع ڈار نے پاکستانی وفد کی سربراہی کی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایوی ایشن سیکیورٹی ائر کموڈور ریٹائرڈ شاہد قادر بھی ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری کے ہمراہ موجود تھے ۔

آئی سی اے او ٹیم کی قیادت مسٹر آسکر روبیو اینیبل نے کی جن کی معاونت ان کی 3 رکنی ٹیم نے کی ۔دونوں جانب سے تفصیلی پریزنٹیشنز دی گئیں اور آڈٹ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔(آئی سی اے او) سیکیورٹی ٹیم نے ڈی جی سی اے اے خاقان مرتضیٰ سے بھی ملاقات کی ۔ڈی جی سی اے اے نے مہمانوں کو مکمل تعاون اور تمام شعبوں تک مکمل رسائی کا یقین دلایا۔ سیکیورٹی وفد نے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

ترجمان نے بتایاکہ آڈٹ میں شہری ہوا بازی کے پورے نظام کا احاطہ کیا جائے گا۔(آئی سی اے او ) سیکیورٹی آڈٹ ٹیم اپنے دورہ میں قانون سازی، دستاویزات، طریقہ کار اور مختلف طریقہ کار کا جائزہ لے گی ٹیم ایئرپورٹ آپریشنز، اے ایس ایف سیکیورٹی، ایئر لائنز، کارگو، جی ایچ اے، کیٹرنگ اور ایئر نیوی گیشن سہولیات کا مشاہدہ کرے گی۔واضح رہے کہ (آئی سی اے او ) سیکیورٹی آڈٹ ٹیم کا 2019 کے بعد یہ پاکستان کا پہلا آن سائٹ دورہ ہے۔