بینونی۔3فروری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان انڈر 19 نے بنگلہ دیش انڈر 19 کودلچسپ مقابلے کے بعد 5رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی،بنگلہ دیشی ٹیم 155رنز کے ہدف کے تعاقب میں 36ویں اوور میں 150رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، عبیدشاہ اور علی رضا نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ تہس نہس کر دی ،دونوں بائولرز نے شاندارپرفارمنس سے کم ہدف کا دفاع کر کے بنگلہ دیش کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، عبیدشاہ کو 5وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ قرار دے دیا گیا۔
ہفتہ کو بینونی میں کھیلے گئے سپرسکس مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں پاکستانی انڈر 19ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 40.4اوورز میں 155رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، عرافات منہاس 34، شاہ زیب خان 26، شامل حسین اور علی اسفند 19،19 احمد حسن 11، کپتان سعدبیگ 9، ہارون ارشد 7، اذان اویس 6،محمدذیشان 4اور عبیدشاہ 1رن بنا کر آئوٹ ہوئے، روحانت اور شیخ جیبون نے 4،4وکٹیں لیں۔ جواب میں بنگلہ دیشی انڈر 19ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 35.5اوورز میں 150رنز پر ڈھیر ہو گئی،
عبیدشاہ اور علی رضا کے سامنے بنگلہ دیش کا کوئی بھی بیٹر کھل کر نہ کھیل سکا اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتیں رہیں،محمدشہباب 26رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان محفوظ الرحمان صرف دو رنز بنا سکے، عبیدشاہ نے 5،علی رضا نے 3اور محمدذیشان نے 1وکٹ لی۔ اس فتح کے بعدپاکستان نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے، یہ پاکستانی انڈر19ٹیم کی میگا ایونٹ میں پانچویں کامیابی ہے، گرین شرٹس نے اس سے قبل افغانستان، نیپال،نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ کو ہرایا تھا اور ہر جیت میں اس نے حریف ٹیم کو آل آؤٹ کیا ہے۔