آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر نیوزی لینڈ کے فاسٹ بائولر کائل جیمسن پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا

54
آئی سی سی

دبئی۔29دسمبر (اے پی پی):آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر نیوزی لینڈ کے فاسٹ بائولر کائل جیمسن پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا، آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز کیوی فاسٹ بائولر کائل جیمسن نے پلیئرز اینڈ پلیئر سپورٹ پرسنل کیلئے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.9 کی پہلی سطح کی خلاف ورزی کی جو کسی بین الاقوامی میچ کے دوران حریف کھلاڑی کی طرف خطرناک انداز میں گیند پھینکنا ہے، یہ واقعہ پیر کو میچ کے تیسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز کے 75 ویں اوور میں پیش آیا جب جیمسن نے اپنی ہی گیند پر فیلڈنگ کرتے ہوئے بال تیز رفتاری سے فہیم اشرف کی جانب پھینکا جو رنز لینے کا ارداہ نہیں رکھتے تھے، کیوی فاسٹ بائولر نے اپنی غلطی تسلیم کی اور میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے مجوزہ جرمانے کو قبول کیا، آئی سی سی کے مطابق جیمسن کی جانب سے غلطی کے اعتراف اور جرمانہ قبول کرنے کے بعد اس معاملے کی باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں تاہم ان کے نظم و ضبط کے ریکارڈ میں ایک منفی پوائنٹ شامل کیا گیا ہے۔