آئی ٹی برآمدات 33.64 فیصد اضافہ کے ساتھ 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں، شزہ فاطمہ خواجہ

103

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات گذشتہ مالی سال جولائی کے مقابلے میں 33.64 فیصد اضافہ کے ساتھ 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں۔پیر کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے مہینہ میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں،آئی ٹی برآمدات میں گذشتہ مالی سال جولائی کے مقابلے میں 33.64 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ مالی سال جولائی میں آئی ٹی برآمدات 214 ملین ڈالرز رہیں،موجودہ حکومت آئی ٹی برآمدات کے اضافہ کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی توجہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی پر مرکوز ہے،وزیراعظم کی ہدایت اور ایس آئی ایف سی کی معاونت سے وزارت آئی ٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔