اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے قائم پارلیمانی ٹاسک فورس کی چیئرپرسن رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ ایشیا پیسفک ممالک مسائل کے حل کے لئے مل جل کر لائحہ عمل مرتب کریں کیونکہ یہ سفر ایک دو دن کا نہیں بلکہ ایک جہد مسلسل ہے ، آج پاکستان متاثر ہوا ہے کل کوئی اور ملک بھی متاثر ہو سکتا ہے ۔
منگل کو آئی پی یو ایشیا پیسفک ریجن کے تیسرے سیمینار کے اختتامی سیشن میں مختلف رکن ممالک کے جانب سے سیمینار کو مفید بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔اس موقع پر ایران کے جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ ہمیں سیمینار کو نتیجہ خیز بنانے پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی ورنہ تمام کاوشیں ضائع ثابت ہوں گی ۔ویتنام کے نمائندے کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے ہم بھرپور یکجہتئ کا اظہار کرتے ہیں۔
پاکستان کے سیلاب متاثرین کی عالمی سطح پر مدد کی جانی چاہئے۔ نیپال نے تجویز دی کہ تمام ایشائی ممالک کو ملتے جلتے مسائل کا سامنا ہے ا س لئے ہم سب کو ایک مشترکہ پارلیمانی میکنزم تشکیل دےکر ان مسائل سے نکلنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنا چاہئے۔سیمینار کا اختتامی سیشن کل بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا۔