آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر وڈپٹی سپیکر

74

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر وڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے کہا ہے کہ آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے،ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آئین پاکستان کی اصل روح کو اپنانے کی ضرورت ہے،آئین پاکستان ریاست کے ہر شہری کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے۔ہفتہ کو اپنے بیان میں سپیکر نے کہا کہ آئین کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے،48 سال قبل ملک کی پہلی جمہوری طور پر منتخب ہونے والی پارلیمنٹ کے نمائندوں نے متفقہ طور پر آئین پاکستان کی منظوری دی

،جمہوریت کا اصل مقصد آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہے،جمہوری قوتوں نے ہمیشہ آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی کوشش جاری رکھیں ہیں،آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دینے والے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،موجودہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ وفاقی اکائیوں کو آئین میں دیے گئے اختیارات اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے،آج کا تاریخی دن ہمیں اس مقدس دستاویز کے ہر حرف کا تحفظ کرنے کے عہد کا موقع فراہم کرتا ہے،آئین کا دن منانے کا مقصد اس کی بالادستی کو برقرار رکھنا ہے، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے دستور کی اہمیت و افادیت کو اُجاگر کرنا ہماری زمہ داری میں شامل ہے،آئین کی بالادستی ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔