راولپنڈی۔ 18 اپریل (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مِسہ کسوال انڈسٹریل اینڈ کمرشل ایکسچینج انیشی ایٹو کا کامیابی سے انعقاد کیا، جس کا مقصد پوٹھوہار خطے کی صنعتی و تجارتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور علاقائی معاشی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ یہ تقریب اقامت بزنس انکلیو گوجر خان میں منعقد ہوئی۔
جس میں راولپنڈی چیمبرکے صدر عثمان شوکت اور گروپ لیڈر سہیل الطاف، ڈائریکٹر اے آئی سی اور سابقہ اسٹیشن کمانڈر، اعجاز قمر کیانی ، سینئر نائب صدر خالف فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس، سابق صدور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، انجمن تاجران گوجرخان کے نمائندوں سمیت مقامی ممتاز صنعتکاروں، کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی چیمبرکے صدر عثمان شوکت اور گروپ لیڈر سہیل الطاف نے خطے کی موجودہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور صنعتی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر گوجرخان میں ایک ڈرائی پورٹ کے قیام کی تجویز پیش کی گئی جسے شرکاء کی جانب سے متفقہ طور پر سراہا گیا۔ تجویز کردہ ڈرائی پورٹ سرمایہ کاری میں حائل بڑی رکاوٹ یعنی زمین کی بلند قیمتوں جیسے مسائل کا مؤثر حل پیش کرے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584203