آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

87
Army Chief General Syed Asim Muneer
Army Chief General Syed Asim Muneer

راولپنڈی۔16مارچ (اے پی پی):آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بحرین کی نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہفتہ کو جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ فوجی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی کی حرکیات، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور تربیتی تبادلوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے روایتی طور پر مضبوط دفاعی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

انہوں نے بحرین کے ساتھ فوجی تعلقات کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مشترکہ سیکورٹی چیلنجوں سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔معزز مہمان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کا اعتراف کیا۔انہوں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے کے لیے بحرین کے عزم کا اعادہ کیا۔