آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے چین کے نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور ،دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا

90

راولپنڈی۔22جنوری (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے چین کے نائب وزیر خارجہ سن وی ڈونگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چینی مہمان نے آرمی چیف سے ملاقات کی ۔ چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین آل ویدر سٹریٹجک پارٹنر ہیں۔

انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا اور سی پیک منصوبوں کے لیے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے لیے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کی مشترکہ فہم پر قائم ہیں۔