راولپنڈی۔5فروری (اے پی پی):آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بدھ کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق جموں و کشمیر یادگار پر پہنچنے پر انہوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کی بے مثال قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےآرمی چیف نے کشمیر میں چیلنجنگ آپریشنل حالات کے مقابلہ میں تعینات افسروں اور سپاہیوں کی غیر متزلزل لگن، پیشہ وارانہ مہارت اور جنگی تیاری کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے ان کے بلند حوصلے اور چوکس رہنے کو سراہتے ہوئے دشمن کی کسی بھی اشتعال انگیزی کو روکنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لئے اعلیٰ آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی جارحیت کا جواب دیا جائے گا ،انہوں نے پورے عزم کے ساتھ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پاک فوج کے عزم پر زور دیا۔بعد ازاں آرمی چیف نے ممتاز اور بزرگ کشمیریوں سے بات چیت کی اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم اور بڑھتی ہوئی ہندوتوا انتہا پسندی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کے عزم کو مضبوط کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریاستی سرپرستی میں ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف ان کے منصفانہ اور جائز مقصد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلا شبہ کشمیر ایک دن آزاد ہوگا اور کشمیری عوام کی آزادی اور تقدیر کے مطابق پاکستان کا حصہ ہوگا۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے ان کا استقبال کیا۔