آن فارم واٹر مینجمنٹ کے ذریعے کھالوں کی اصلاح کے پروگرام سے ان کی استعداد کار بڑھائی جارہی ہے ،ماہرین اصلاح آبپاشی

198
Department of Agriculture

فیصل آباد۔ 23 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت کے شعبہ اصلاح آب پاشی کے واٹر مینجمنٹ ماہرین نے کہا ہے کہ آن فارم واٹر مینجمنٹ کے ذریعے کھالوں کی اصلاح کے پروگرام سےکھالوں کی استعداد کار بڑھائی جارہی ہے جس سے زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا نہری نظام آب پاشی 58ہزار کھالوں پر مشتمل ہے جن کی ہیئت اور بناوٹ خراب ہوجانے کے باعث نصف سے زیادہ پانی ضائع ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھالوں کی اصلاح سے ضائع ہونے والے پانی میں نمایاں کمی اور کھالوں کی ٹیل پر واقع رقبوں کو زیر کاشت لانے میں مد د ملی ہے۔انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کوپختہ نکہ جات کی تنصیب اور پلیوں کی تعمیر سے آب پاشی میں سہولت میسر آئی ہے اورکچے کھالوں سے پانی کے رساؤاور اس سے ملحقہ کھیتوں میں فصلوں کو ہونے والے نقصان کا بھی خاتمہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کھالوں کی غیر قانونی چوڑائی، گہرائی اور لمبائی کو کم کرکے مطلوبہ ڈھلوان کی تعمیر سے پانی کے بہاؤ کی رفتار میں بھی اضافہ ہوا ہے اور ہر ماہ بھل صفائی پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ چھوٹے کاشتکار جو ذاتی ٹیوب ویل لگانے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے وہ اب کھالوں کی اصلاح سے نہر ی پانی میں اضافہ کی بدولت اپنے رقبوں پر مختلف فصلوں کی کاشت کے قابل ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ سے دیہی لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری اور پانی کی تقسیم کے سلسلہ میں ہونے والے لڑائی جھگڑوں میں بھی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پختہ کھالوں کی تعمیر سے کھالوں اوروٹوں کے ساتھ موجود رقبہ کو کم کرکے فصلوں کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ ہوا ہے اور آب پاشی کے لئے دستیاب پانی کے ہر قطرہ اور زرعی زمین کے ہر ایک انچ سے استفادہ حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔