احساس راشن پورٹل ویب کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے، ایک ملین افراد کی رجسٹریشن ہو چکی ہے ، ماہانہ ایک ہزار روپے کی سبسڈی ہر خاندان کو دی جائے گی۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر

1122

حسن ابدال/ کامرہ۔14نومبر (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعظم برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس راشن پورٹل ویب کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے، احساس راشن پروگرام میں 40ملین لوگوں نے اب تک درخواست جمع کرائی ہے، ایک ملین افراد کی رجسٹریشن ہو چکی ہے ، اس پروگرام کے تحت گھر کا ایک فرد رجسٹر ہو سکتا ہے، ماہانہ ایک ہزار روپے کی سبسڈی ہر خاندان کو دی جائے گی۔یہ بات انھوں نےحسن ابدال اور کامرہ کے دورہ کے موقع پر احساس راشن پروگرام کے تحت قائم مختلف کریانہ سٹوروں کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ان کے ہمراہ اس موقع پر پی ٹی آئی ضلع اٹک کے صدر قاضی احمد اکبر خان ، تحریک انصاف کے رہنما اورٹکٹ ہولڈر اکبر خان تنولی ، اسسٹنٹ کمشنر حضرو زوہیب احمد انجم اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال زونیرہ جلیل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی نے مختلف کریانہ سٹورز کا دورہ کیا اور سٹورز کے مالکان کو راشن رعایت پروگرام کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔

انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں آگاہی کے لئے دوکانداروں کو معلومات فراہم کی جارہی ہیں کہ ویب پورٹل کو کیسے استعمال کیاجائے ۔وزیر اعظم عمرا ن خان کی ہدایت پر دو کروڑ خاندادوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا ، آٹا،گھی،تیل اور دالوں پر سبسڈی دی جائے گی ،آٹا پر22روپے،گھی پر105روپے اور دال پر 55روپے سبسڈی دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ عوام کے مسائل حل کرنے اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے ۔اس سلسلہ میں حکومت مختلف شہروں میں احسا س کفالت پروگرام کے تحت عوام کو خصوصی اشیاء خوردو نوش رعایت نرخوں پر مہیا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔

ڈاکٹر ثانیہ نے حال ہی میں شروع کیے گئے احساس راشن پروگرام کے طریقہ کار کے بارے میں کہا کہ میری وزارت مستحق خاندانوں اور کریانہ کے تاجروں کو مرحلہ وار رہنمائی کرتی ہے، پروگرام کے نفاذ، رجسٹریشن کے عمل، اہلیت کے معیار کے بارے میں احساس سروے کے ذریعے فائدہ اٹھانے والوں کی شناخت کی جائے گی۔ کم آمدنی والے خاندان اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر اور اس پر جاری کردہ موبائل نمبر کے ساتھ پورٹل پر رجسٹر ہوں گے۔ خاندان کا صرف ایک فرد پورٹل پر اندراج کے لیے اہل ہوگا۔

کریانہ کے تاجر خود کو احساس راشن پورٹل پر بھی رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ کریانہ کے تاجروں کے لیے ایک درست بینک اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے ۔انھوں نے کہا کہ بینک اکاؤنٹس کے بغیر کریانہ کے تاجر نیشنل بینک آف پاکستان کی قریبی برانچوں میں اپنے بینک اکاؤنٹس کھول سکتے ہیں۔ کریانہ کے مجاز تاجر جن کے بینک اکاؤنٹس ہیں وہ اپنے سیل فونز میں موبائل پوائنٹ آف سیل ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کریں گے تاکہ اہل خریداروں کی اہلیت کا پتہ لگایا جا سکے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ عوام کسی بھی جعلی ایس ایم ایس یا فون کال پر یقین نہ کریں۔ مستحق افراد یا خاندان سے صرف 8171 سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام پورے پاکستان میں نافذ ہو چکا ہے جس میں وفاق کی طرف سے 35 فیصد اور صوبوں کی طرف سے 65 فیصد مشترکہ فنڈنگ کی جائے گی۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ راشن رعایت پروگرام کے سلسلے میں ویب سائٹ کے بارے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں۔

وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا معاشی بحران میں مبتلا ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ راشن رعایت پروگرام کے ذریعے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور اس سے معاشی مشکلات حل ہونگی۔

C