اسرائیل کی لبنان میں دوبارہ جنگ شروع کرنے کی دھمکی

117
Minister of Defense of Israel
Minister of Defense of Israel

تل ابیب ۔4دسمبر (اے پی پی):اسرائیل نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی ختم ہوئی تو وہ لبنان میں جنگ دوبارہ شروع کرے گا اور اس بار لبنان کی ریاست کو بھی نشانہ بنائے گا۔اردو نیوز کے مطابق اسرائیل کے وزیر دفاع نے لبنانی حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جنگ بندی ناکام ہوتی ہے تو اسرائیل حزب اللہ اور لبنانی ریاست میں فرق نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کے مکمل نفاذ کے لئے پوری قوت بروئے کار لائیں گے اور اس حوالے سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ لبنان کو چاہیے کہ اپنی فوج کو جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کی اجازت دے تاکہ وہ حزب اللہ کو دریائے لیطانی کے پار رکھے اور اس کا انفراسٹرکچر ختم کرے۔انہوں نے کہا کہ اب تک ہم نے لبنانی ریاست اور حزب اللہ میں فرق برقرار رکھا ہوا تھا، اسی طرح بیروت شہر اور اس کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں بھی فرق برقرار رکھا ہوا تھا جو کہ حزب اللہ کا گڑھ ہے لیکن مزید ایسا نہیں ہوگا۔

گزشتہ ہفتے کی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان میں حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ حزب اللہ کے ان جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں جو جنگ بندی معاہدے کو نظرانداز کر رہے ہیں اور دریائے لیطانی سے پیچھے نہیں جا رہے ہیں۔لبنان کے اعلی عہدیداروں نےامریکااورفرانس پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔