اسرائیل کے غزہ اور لبنان پر فضائی حملے،کئی فلسطینی شہید

115
اسرائیل کے غزہ اور لبنان پر فضائی حملے،کئی فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس ۔23اکتوبر (اے پی پی):اسرائیل نے پیر کو غزہ پر فضائی حملوں کے دوران پناہ گزینوں کے کیمپ کے قریب ایک مکان کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے،اس سے قبل صیہونی طیاروں نے رات کو حزب اللہ کے فوجی اہداف کو بھی نشانہ بنایا۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے طیاروں نے لبنان میں حزب اللہ کے دو سیلز اور ان کے دیگر اہداف کو بھی نشانہ بنایا جس میں ایک کمپاؤنڈ اور ایک چوکی بھی شامل ہے۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے حملے غزہ کی پٹی کے مرکز اور شمال پر مرکوز تھے۔ شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک مکان پر حملے میں متعدد فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔غزہ میں صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیل کی دو ہفتوں کی بمباری میں چار ہزار 600 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

حماس کی جانب سےبیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے رہنما اسماعیل حانیہ اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اتوار کو رات گئے ٹیلی فونک رابطے کے دوران غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ جرائم کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے یہ حملے اس وقت کیے جب اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے بڑھتے ہوئے تنازعے کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ فوجی جرنیلوں اور کابینہ کا اجلاس طلب کیا۔