اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ اسرائیلی اخبار کے آرٹیکل سے بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کا صیہونی گٹھ جوڑ بے نقاب ہو گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیل کا ایجنڈا بہتر طور پر آگے لے جا سکتے ہیں، آرٹیکل کی کڑیاں پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کی سازش سے ملتی ہیں، جب بھی ملک میں بہتری آتی ہے تو اسے کمزور کرنے کی سازشیں شروع ہو جاتی ہیں، پاکستان کا بہتری کی جانب جانا انہیں چبھ رہا ہے، اس وقت مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے، سود کی شرح میں کمی آئی ہے اور تمام معاشی اشاریے ملک کی بہتر سمت کا تعین کر رہے ہیں، پاکستان سب سے پہلے ہے، تمام سیاسی جماعتیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے، آرمی چیف سمیت سب ایک پیج پر ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ہیری رچرڈ کے آرٹیکل نے پاکستان میں صیہونی ریاست کے حامی بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کو بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے، اس آرٹیکل کی کڑیاں امریکا میں بھارت سے ہائر کی گئی پاکستان مخالف لابسٹ فرموں سے ملتی ہیں اور یہ کڑیاں پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کا حصہ ہیں جس کے ذریعے افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، 9 مئی جیسے واقعات کئے جاتے ہیں، ہیری رچرڈ نے اپنے آرٹیکل میں صیہونی ریاست کو پاکستان میں پروان چڑھانے کیلئے جس پاکستانی کا نام لیا وہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت ہے، جو پہلے بھی اس مشن پر کام کرتے رہے ہیں، ماضی میں بھی برطانیہ میں لندن میئر کے انتخاب میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت نے پاکستان نژاد امیدوار کی بجائے یہودی امیدوار زیک گولڈ سمتھ کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہوتا ہے یا بہتری کی طرف گامزن ہوتا ہے تو کسی نہ کسی طریقے سے ہمارے ملک کو کمزور کیا جاتا ہے اور اس آرٹیکل کی کڑیاں ان لابسٹ فرموں سے ملتی ہیں تاکہ پاکستان کو کمزور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی فرمیں ہیں جنہیں بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کے لوگ ہائر کرکے پاکستان کے خلاف استعمال کرتے رہے ہیں اور اب بھی استعمال کر رہے ہیں تاکہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کو ان فرموں کے ذریعے چلایا جاتا رہے اور ان فرموں کے ذریعے ہی پاکستان کو کمزور کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کیلئے افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا، شہدا کے مجسمے جلائے گئے تاکہ فوج اور ملک کمزور ہو۔
پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہا کہ رئوف حسن اور جبران ناصر کی جو گفتگو سامنے آئی اس کا مقصد بھی یہ تھا کہ کس طرح 9 مئی کی منصوبہ بندی کرنی ہے، گذشتہ روز مولانا فضل الرحمن کا ایک ٹاک شو سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ میں آج سے نہیں گذشتہ کئی دہائیوں سے کہہ رہا ہوں بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت ان یہودی لابسٹ کے ہاتھ میں صیہونی سوچ کو چلا رہی ہے اور اس کی پاکستان میں لابی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بین الاقوامی ایئر لائن (پی آئی اے)کے ہوا بازوں کے لائسنس درست نہیں کہہ کر قومی اثاثے کو بدنام کیا گیا ، یہ کس کے کہنے پر ہوا؟، حکیم سعید نے 20 سال پہلے اپنی کتاب میں نشاندہی کی تھی جسے آج ہم ہوتا دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایک شخص کو چن لیا گیا ہے جس پر لاکھوں کروڑوں کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے کیونکہ پاکستان بطور جوہری قوت کسی کو ہضم نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل لبنان، لیبیا، عراق، فلسطین کے حالات آپ کے سامنے ہیں۔ بیرسٹر دانیال نے کہا کہ پاکستان کی افواج پاکستان کی سلامتی کے کیلئے کھڑی ہیں، بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت جب اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش میں کامیاب نہ ہوئے تو ففتھ جنریشن وار فیئرکے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرکے دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی، روز ڈالر کی اڑان ہوتی تھی تاکہ پاکستان سے سرمایہ کار بھاگ جائیں اور ملک کی معاشی ریڑھ کی ہڈی سی پیک رک جائے اور پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر کا مقام دلانے کے حامل اس منصوبہ کے سرمایہ کار چلے جائیں، سی پیک کے پاور کوریڈور نہ لگیں اور میں یہ تمام باتیں شواہد کے ساتھ کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد پاکستان کو داخلی اور خارجی طور پر کمزور کرنا تھا جس کیلئے یہودی لابیوں نے انہیں استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جلائو گھیرائو، پاکستان توڑ دو اور سول نافرمانی کی باتیں کی جاتی ہیں اور ایسا پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا جس طرح کا طریقہ کار بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت نے اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اسرار احمد کی تقاریر اٹھا لیں انہوں نے بھی اس یہودی ایجنڈے کو بے نقاب کیا تھا اور یہودی لابیوں کا ایجنڈا ہے کہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے جو حربہ استعمال ہو سکتا ہے، کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لئے عمران خان کو مسلط کیا گیا اور اب ان کی حمایت میں یہ آرٹیکل لکھے جا رہے ہیں۔
صیہونی لابی کو پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا ہضم نہیں ہو رہا، سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج انہیں تکلیف اس لئے ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، پاکستان کا بہتری کی طرف جانا انہیں چبھ رہا ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، مہنگائی سنگل ڈیجیٹ پر آ گئی ہے، سود کی شرح میں کمی ہو گئی ہے اور تمام معاشی اشاریے ملک کی بہتر معاشی سمت کا تعین کر رہے ہیں اور یہ اقدامات انہیں چبھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے، آرمی چیف سمیت سب ایک پیج پر کھڑے ہیں، پاکستان سب سے پہلے ہے، ہماری سیاست سے پہلے پاکستان ہے۔