تہران۔10اکتوبر (اے پی پی):ایران نے خبردار کیا ہے کہ حماس کی طرف سے اسرائیل پر حملے کے بعد کوئی ملک ایران پر حملہ کرنے کی کوشش نہ کرے۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے وضاحت کی کہ ان کا ملک اس تنازعے میں شریک نہیں اور اسرائیلی حکومت اس تنازعے کو بہانہ بنا کر ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت سے باز رہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر حملہ کرنے کے کسی بھی احمقانہ عمل کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے یہ بیان انہی شکوک وشبہات کے تناظر میں دیا کہ حماس کو ایران کی حمایت حاصل ہے۔اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے بھی کہا ہے کہ اسرائیل پر حملے میں ایران ملوث نہیں۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی میں شدت کے بعد ایران نے بھی کہا ہے کہ اس لڑائی کو روکنے کے لیے عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے زور دیا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=399354