اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشان حیدر)کے یوم ولادت کے موقع پر ان کو 1971 کی پاک بھارت جنگ کے دوران شجاعت، دلیری اور بہادری کی بے مثال تاریخ رقم کرنے پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے جس شجاعت، دلیری اور بہادری کا مظاہرہ کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے شدید زخمی حالت میں دشمن کے بنکر میں گھس کر اسے دبوچ لیا اور اس حالت میں جام شہادت نوش کیا جس کے اعزاز میں انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی قربانی کو تاریخ میں سنہری حروف میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید سمیت تمام شہدا کی بے مثال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہید لانس نائیک محمد محفوظ کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔