اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں کے ایک ہزار سے زائد طالب علموں کے لئے مفت چھ ماہ پر مشتمل غیر ملکی زبانیں سیکھنے کے سرٹیفکیٹ کورس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
وزارت تعلیم کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کے تحت نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے تعاون سے اسلام آباد کے سرکاری سکولوں کے طالب علموں کو پہلی بار اس طرح کے پروگرام کی سہولت میسر آئی ہے۔ اس کورس کے تحت پہلے بیج کو جرمن، چینی ، جاپانی زبانیں سکھائی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد بڑھتی ہوئی گلوبل ورلڈ کے تناظر میں ان کی مستقبل کی تدریسی کے ساتھ ساتھ انہیں زبان کی مہارت سے آراستہ کرنا ہے۔