اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے زرعی تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور ملکی و بین الاقوامی اداروں سے تعاون اور اشتراک کو قومی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام کی ہدایت پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے زرعی پیداوار میں اضافے اور خوردنی تیل میں غیر معمولی اضافہ کرنے والی انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی کو نیشنل ریسرچ ٹرائلز میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل ، نیشنل ایگریکلچر ریسرچ کونسل ، پاکستان آئل سیڈزڈویلپمنٹ بورڈ ، محکمہ زراعت پنجاب ، صوبائی و علاقائی ریسرچ اداروں کے ایک مشترکہ وفد نے انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی کا جائزہ لینے کے لیے خیر پور ٹامیوالی میں لگائے گئے نمائشی کھیتوں کا دورہ کیا۔
وفد کے ارکان نے پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے ملاقات کی اور زرعی تحقیق کے فروغ میں ان کی جانب سے کیے گئے دوررس نتائج کے حامل اقدامات کی تعریف کی۔بعدازاں وفد کے ارکان نے چولستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزٹ سٹڈیز کا بھی دورہ کیا اور چولستانی نباتات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔وفد کی میزبانی ڈاکٹر محمد علی رضا نے کی جو سیچوان یونیورسٹی چین کے تعاون سے بہاولپور میں انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی کو فروغ دے رہے ہیں اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، چینی وزارت زراعت اور سیچوان یونیورسٹی کے مابین بطور زرعی سائنسدان رابطہ کاری کر رہے ہیں۔
وفد کے ارکان میں ڈاکٹر محمد عاصم ، پاکستان ایگریکلچر ریسرچ بورڈ ، رابطہ کار برائے آئل سیڈز کراپس، پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل اسلام آباد، ڈاکٹر محمد فیصل پرنسپل ، سائنسدان نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سنٹر اسلام آباد ، حافظ سعد بن مصطفی سینئر سائنسدان ہیڈ آف سیڈز سیکشن ، ایوب ایگریکلچر ریسرچ سنٹر فیصل آباد، محمد افتخار ڈپٹی ڈائریکٹر آئل سیڈز ڈویلپمنٹ بورڈ پاکستان موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد عاصم نے ڈاکٹر تنویر حسین ترابی ڈائریکٹر چولستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزٹ سٹڈیز اور ڈاکٹر محمد علی رضا سے ملاقات کے دوران کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی کو نیشنل ریسرچ ٹرائلز میں شامل کیا جائے گا۔