وزیر اعظم کا سیرت رحمت اللعالمین اتھارٹی کے قیام اور عشرہ رحمت اللعالمین منانے کا اعلان خوش آئند اقدام ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

206

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وزیر اعظم کا سیرت رحمت اللعالمین اتھارٹی کے قیام اور عشرہ رحمت اللعالمین منانے کا اعلان خوش آئند اقدام ہیں۔انہوں نے کہا کہ مغرب میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کا تدارک انتہائی ضروری ہے اور اس سلسلے میں بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی سے ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ منانا وزیر اعظم عمران خان کا خاتم النیین حضور ﷺ سے والہانہ عقیدت کا اظہار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرامن اسلامی معاشرے کی تشکیل کیلئے نوجوانوں کو سیرت النبی ﷺ سے آگاہ کرنا ضروری ہے کیونکہ سیرت النبی ﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہی مسلم اُمہ کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلایا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود آشرافی نے کہا ہے کہ نومبر کے پہلے ہفتے میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام جید علماء کرام سمیت بڑے سکالرز شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے مہینے میں ملک بھر میں سیرت النبی ﷺ کی کانفرنسوں کا انعقاد کیا ہے گا جس کا مقصد نوجوانوں میں سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے شعور کو بیدار کرنا ہے تاکہ سیرت النبی ﷺ پر عمل پیرا ہو کر ایک اسلامی فلاحی ریاست کے خواب کو صحیح معنوں میں شرمندہ تعبیر بنایا جا سکے۔نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی نے اسپیکر قومی اسمبلی کو سیرت النبی کانفرنس میں شرکت کی دعا بھی دی۔