اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے عہدیداروں کے وفد نے ملاقات کی۔ منگل کو وزارت قانون وا نصاف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے صدر عاصم اقبال، جنرل سیکرٹری منیب حسین وڑائچ اور پنجاب بار کونسل کے ممبر شمشاد احمد باجوہ نے وزارت قانون انصاف میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفد نے سیالکوٹ میں بینکنگ کورٹ قائم کرنے کی درخواست کی۔ سیکرٹری وزارت قانون و انصاف نے وفد کو بتایا کہ اس حوالہ سے ایک سمری منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیجی جا چکی ہے، سمری کی منظوری کے بعد دو ہفتوں میں سیالکوٹ میں بینکنگ کورٹ فعال ہو جائے گی، سیالکوٹ میں بینکنگ کورٹ کے قیام سے مالیاتی اور کاروباری شعبہ کو فائدہ ہو گا۔