افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد کابل پہنچ گئے

79

کابل۔ 20 دسمبر(اے پی پی)افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد ابو ظہبی میں طالبان کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات و مذاکرات کے بعد کابل پہنچ گئے ہیں۔ کابل میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امریکی مندوب کابل میں قیام کے دوران صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے ساتھ ملاقات کریں گے اور انہیں مذاکراتی عمل کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ ابھی تک امریکی اہلکار ابوظہبی میں زلمے خلیل زاد اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان ہونے والی میٹنگ پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ان مذاکرات میں پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے نمائندے بھی شریک تھے۔ افغان حکومت نے اپنا مذاکراتی وفد ابوظہبی روانہ کیا تھا لیکن وہ مذاکرات میں شریک نہیں ہوا۔