اقوام متحدہ۔28جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ہیومینیٹیرین افیئرز اور ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر کے انڈر سیکرٹری جنرل مارٹن گرفتھس نے افغانستان میں زلزلہ متاثرین کے لیے 10ملین ڈالر کی فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ افغانستان میں آنے والے حالیہ تباہ کن زلزلے میں بچوں سمیت سینکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے اور متعدد گھروں کو نقصان پہنچا اس لیے میں اقوام متحدہ کے سینٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ سے 10ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کرتا ہوں تاکہ افغان زلزلہ متاثرین کی فوری مدد کی جا سکے۔
افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیےدیگر ممالک نے بھی امداد کا اعلان کیا ہے جن میں چین نے 7.5ملین ڈالر، جنوبی کوریا نے ایک ملین ڈالر ، تائیوان نے ایک ملین ڈالر، یورپی یونین نے ایک ملین یورو اور برطانیہ نے 2.5ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔
افغانستان حکومت کے نائب ترجمان بلال کریمی نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کو امددا کی فراہمی کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مستحق افراد میں امداد کی تقسیم کا تعین کر رہی ہیں۔