الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جا نے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کیلئے اپیلیٹ ٹربیونل مقررکردیئے، این اے 108 فیصل آباد کیلئے جسٹس شاہد وحید کا تقرر

70
Election Commission

فیصل آباد ۔17اگست (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108فیصل آباد سمیت 9 حلقوں میں 25 ستمبر کو منعقد ہونیوالے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جا نے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کیلئے اپیلیٹ ٹربیونل مقررکردیئے ہیں جبکہ این اے 108 فیصل آباد کیلئے جسٹس شاہد وحید کا تقرر کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ بدھ 17 اگست کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے لہٰذا اب ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا استرداد کے خلاف اپیلیٹ ٹربیونل کے پاس اپیلیں 20اگست تک دائر کی جاسکیں گی جبکہ اپیلیٹ ٹربیونل کی جانب سے ان پر فیصلے 25اگست تک کئے جائیں گے اورامیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 26 اگست کو جاری کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108فیصل آباد کیلئے مسٹر جسٹس شاہد وحید کو اپیلیٹ ٹربیونل مقرر کیا گیا ہے جو حلقہ این اے 118 ننکانہ صاحب کی اپیلیں بھی سنیں گے،اسی طرح حلقہ این اے22 مردان،حلقہ این اے24 چارسدہ، حلقہ این اے31 پشاور اور حلقہ این اے45کرم کیلئے مسٹر جسٹس اعجاز انور اور حلقہ این اے239 ملیر،حلقہ این اے239کورنگی کراچی اور حلقہ این اے246کراچی ساؤتھ کیلئے مسٹر جسٹس عدنان اقبال چوہدری اپیلیٹ ٹربیونل ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی27 اگست کو واپس لئے جاسکیں گے جس کے بعداسی روزامیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جا ئے گی۔انہوں نے بتایا کہ امیدواروں کو29 اگست کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے اور پولنگ 25ستمبرکو ہوگی۔