اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے کہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےطویل عرصہ سے زیر التواء غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے۔اتوار کوپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان پر ملک میں بے یقینی اور انتشار پھیلانے کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سیاسی جماعتوں پر بار بار بے بنیاد الزامات لگا کر انہیں کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے صوبہ پنجاب میں موجودہ سیاسی اور آئینی بحران کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ کا فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے دو ہفتے ملکی معیشت اور سیاست کے لیے انتہائی اہم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف ملک بچانے کے لیے سیاسی نقصان اٹھایا،ہم ماضی کی پریشانیوں کو بھول کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں
کیونکہ ہم نے ایک عظیم مقصد کے لیے قربانی دی ہے۔انہوں نے سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی عوامی عہدے سے تاحیات نااہلی کا ذکر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ جس شخص نے "چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو حقیقت بنایا وہ نااہل ہو گیا۔