امارات،ادنوک اور او ایم وی کا بڑا انضمام، 220 ارب درہم کی عالمی کیمیکل کمپنی قائم

110

ابوظہبی۔4مارچ (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) اور آسٹریا کی ایک کمپنی او ایم وی نے انضمام کا اعلان کیا ہے جسکے نتیجے میں ایک بڑی عالمی کیمیکل کمپنی وجود میں آئے گی۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق ادنوک اور او ایم وی اپنے حصص کو ضم کرکے ’’بوروج گروپ انٹرنیشنل‘‘ تشکیل دیں گے۔نئی کمپنی 49.2 ارب درہم کے عوض شمالی امریکا کی کیمیکل پروڈیوسر ’’نوا کیمیکلز کارپوریشن ‘‘کو حاصل کرے گی۔

’’بوروج 4‘‘ کی شمولیت کے ساتھ، یہ کمپنی 220 ارب درہم سے زائد مالیت کی ایک مربوط عالمی کیمیکل کمپنی بن جائے گی اور دنیا کی چوتھی سب سے بڑی پولی اولیفنز پروڈیوسر ہوگی۔بوروج گروپ انٹرنیشنل کا ہیڈکوارٹر ویانا اور ابوظہبی میں ہوگا اور اسے ادنوک اور او ایم وی مشترکہ طور پر کنٹرول کریں گے۔ اس معاہدے کے تحت، او ایم وی کمپنی میں 1.6 ارب یورو (6.1 ارب درہم) کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ اس کے حصص برابر کیے جا سکیں۔ یہ نئی کمپنی سالانہ 1.8 ارب درہم کی مالیاتی ہم آہنگی کے ساتھ اعلیٰ ترین منافع کی حامل ہوگی۔

یہ نئی کمپنی مختلف شعبوں میں اپنی مصنوعات کی مہارت جیسے کہ بوروج کی جدید زرعی مصنوعات، بوریلس کے ٹیکسٹائل، اور نوا کے پائیدار پیکیجنگ حل سے بھی مستفید ہوگی۔’’بوروج 4‘‘ 2026 میں نئی کمپنی میں شامل کیا جائے گا، جس کی لاگت تقریباً 27.5 ارب درہم ہوگی، اور اس کے ساتھ ’’بوروج گروپ انٹرنیشنل‘‘ یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور شمالی امریکا میں 13.6 ملین ٹن سالانہ پیداواری صلاحیت کے ساتھ دنیا کی چوتھی بڑی پولی اولیفنز پروڈیوسر بن جائے گی۔

انضمام کے اس معاہدہ کے نتیجے میں، ایڈنوک کا حصہ اس نئی کمپنی میں ’’ایکس آر جی‘‘ کے ذریعے منتقل کیا جائے گا، جو کہ ایڈنوک کی بین الاقوامی توانائی سرمایہ کاری کمپنی ہے۔پولی اولیفنز ایک پائیدار اور ہلکا پھلکا مواد ہے، جو پیکیجنگ، گھریلو مصنوعات، طبی سامان اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف صنعتی شعبوں میں استعمال ہوتا ہے۔