امدادی رقوم کی تقسیم کے دوران خواتین کے وقار اور احترام کو یقینی بنایا جائے ،چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام

93
امدادی رقوم کی تقسیم کے دوران خواتین کے وقار اور احترام کو یقینی بنایا جائے ،چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے سیکرٹری عامر علی احمد کے ہمراہ پارٹنر بینکوں کے نمائندگان کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس کا مقصد بینظیر کفالت قسط کے دوران مستحقین کو رقوم کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اجلاس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان، بینک الفلاح، JAZZ، حبیب بینک اور دیگر اہم مالیاتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں بی آئی ایس پی کے تمام ڈائریکٹر جنرلز (ڈی جیز) اور زونل ڈی جیز بھی موجود تھے۔سینیٹر روبینہ خالد نے امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کے دوران خواتین کے وقار اور احترام کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کیمپ سائٹس پر کسی بھی خاتون کیساتھ بدتمیزی یا بے عزتی کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں اپنی مستحق خواتین کو زیادہ سے زیادہ سہولتات فراہم کرنے کیلئے موجود ہیں۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بینک نمائندگان پر زور دیا کہ وہ تمام نامزد کیمپ سائٹس پر پی او ایس ایجنٹس کی موجودگی، نقد رقم کی دستیابی اور بینک کی رسیدوں کے اجراء کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں پی او ایس ایجنٹس اور بی آئی ایس پی عملے کے لیے ایپ پر مبنی حاضری کے نظام اور مستحق خواتین کی رہنمائی کے لیے آگاہی کیمپوں کے قیام جیسے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔سیکرٹری عامر علی احمد نے بی آئی ایس پی کے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ مستحقین میں رقوم کی تقسیم کے عمل کی مدت پوری ہونے تک روزانہ کی بنیاد پر شکایات اور مانیٹرنگ رپورٹس بھیجیں تاکہ مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ تمام پارٹنر بینکوں کے نمائندوں نے موثر خدمات کی فراہمی میں بی آئی ایس پی کیساتھ اپنے مکمل تعاون اور عزم کا اعادہ کیا۔