امدادی کارکنوں پر رواں سال کے دوران 168حملوں میں 44 کارکن ہلاک ہوگئے ہیں ،اقوام متحدہ

97

جنیوا۔13اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ذیلی دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) نے کہا کہ رواں سال اب تک مجموعی طور پر 168 امدادی کارکنوں پر حملے کئے گئے جن میں 44 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

چینی خبررساں ادارے نے او سی ایچ اے کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ غیرسرکاری تنظیم ہیومینٹیرین آئوٹ کمز کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 140 سے زیادہ امدادی کارکنان ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہوچکے ہیں جن کی تعداد2013 کے بعد ہلاکتوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران203 امدادی کارکن زخمی اور 117 اغوا ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی سوڈان، افغانستان اور شام جاری کشیدگی کی وجہ سے خطر ناک ممالک میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2021 میں 140 سے زیادہ ہلاکتیں مسلح افراد کی فائرنگ سے ہوئیں اور ہلاکتوں کی دوسری بڑی وجہ فضائی حملے اور گولہ باری ہیں۔

انہوں نے کہا کہاس سلسلے میں آئندہ جمعہ کو عالمی یومِ انسانی منایا جائے گا آج سے عوام کو سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ کی پیروی کرنے،او سی ایچ اے اور دیگر کی پوسٹ کو شیئر کرنے، لائک کرنے، تبصرہ کرنے ،حمایت کرنے،ضرورت مند لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہر موقع کو استعمال کرنے اور ان لوگوں کی تعریف کرنے کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2008 میں بغداد میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے بم دھماکے کی برسی کی یاد میں منانے کا اعلان کیا تھا جس میں 22 امدادی کارکن ہلاک ہوگئے تھے۔