امریکا کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات مضبوط اوردونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کوفروغ دینا چاہتے ہیں،وزیرخزانہ شوکت ترین کا پاک یوایس بزنس کونسل کے نمائندوں اورکامیاب جوان پروگرام سے متعلق اجلاس سے خطاب

68

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ پاکستان کی حکومت امریکا کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کومضبوط اوردونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کوفروغ دینا چاہتی ہے،حکومت ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے بہترماحول کی فراہمی میں پرعزم ہے، ہمارا اصل ہدف مختصر، قلیل اورطویل المیعاد حکمت عملی کے ذریعہ 6 سے 7 فیصد تک بڑھوتری حاصل کرناہے۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کویہاں یوایس پاکستان بزنس کونسل کے نمائندوں کے ورچوئل اجلاس سے خطاب اوروزارت خزانہ میں کامیاب جوان پروگرام کیلئے فنڈز مختص کرنے کے ضمن میں ادارہ جاتی فریم ورک کی تشکیل کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ یوایس پاکستان بزنس کونسل کے نمائندوں کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کے موقع پرمعاون خصوصی ریونیوڈاکٹروقارمسعود، مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد، مشیرادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین، امریکا میں پاکستان کے سفیراسدمجید خان اورسینئرحکام بھی موجودتھے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان کی حکومت امریکا کے ساتھ بیش قیمت تجارتی، سرمایہ کاری تعلقات کومضبوط بنانے اوردونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کوفروغ دینا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے بہترماحول کی فراہمی میں پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی دانش مندانہ پالیسیوں کے نتیجہ میں کوویڈ19 کی وبا سے بحالی کاعمل تیزی سے جاری ہے،حکومت نے جامع، پائیدار اورتیزتربڑھوتری پرتوجہ مرکوز کررکھی ہے، اس مقصد کیلئے ٹھوس اورپائیدارمنصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ بڑھوتری کاعمل جاری رہ سکے۔

ہمارا اصل ہدف مختصر، قلیل اورطویل المعیاد حکمت عملی کے ذریعہ 6 سے 7 فیصد تک بڑھوتری حاصل کرناہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت اورسرمایہ کاری کے روابط کومزید گہراکرنا چاہتاہے۔ پاکستان 22 کروڑ صارفین کاملک ہے، ملک میں مڈل کلاس کی تعدادبڑھ رہی ہے، آبادی کابڑا حصہ جوانوں پرمشتمل ہے،پاکستان میں امریکی تاجروں اورسرمایہ کاروں کیلئے تجارت اورسرمایہ کاری کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔وزیرخزانہ نے شرکاکا شکریہ اداکیا اورکہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے کونسل کی تجاویز اوررائے کا خیرمقدم کیاجائیگا۔ انہوں نے امریکی تاجروں اورسرمایہ کاروں کوملک میں کاروبارکرنے میں تمام سہولیات فراہم کرنے کے عزم کابھی اظہارکیا۔

دریں اثنا ء وزارت خزانہ میں کامیاب جوان پروگرام کیلئے فنڈز مختص کرنے کے ضمن میں ادارہ جاتی فریم ورک کی تشکیل کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کامیاب جوان پروگرام کیلئے فنڈز مختص کرنے کے طریقہ کار کے ضمن میں تمام فریقوں کو حتمی تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس کی روشنی میں بجٹ میں فنڈز مختص کئے جاسکے اس موقع پرمعاون خصوصی امورنوجوانان عثمان ڈار،معاون خصوصی ریونیوڈاکٹروقارمسعود، اخوت فانڈیشن کے ایگزیکٹوڈائریکٹر ،نیشنل بینک ، بینک آف پنجاب، اورحبیب بینک کے صدور،نیاپاکستان ہاوسنگ اینڈڈولپمنٹ اتھارٹی کے چئیرمین اورایچ بی ایل کے چئیرمین بھی موجودتھے۔

وزیرخزانہ نے سٹیٹ بینک، بینک آف پنجاب اوراخوت فاونڈیشن کی طرف سے تیارکردہ تجاویز کاجائزہ لیا۔ ان تجاویز میں روزگارکے مواقع بڑھانے کے ضمن میں زراعت ، کم لاگت گھروں اورایس ایم ایز کو زراعانت(سبسڈی) کی فراہمی شامل ہے۔اجلاس میں اس سلسلہ میں مائیکروں فنانس کے اداروں، کمرشل بینکوں اوررورل سپورٹ پروگرام کے کردارکابھی جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میں قرضوں کے حصول کیلئے عمرکی حد ختم کرنے کابھی جائزہ لیاگیا تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کامیاب جوان پروگرام سے استفادہ کرسکے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ پروگرام کواس انداز میں حتمی شکل دی جائے جس سے تمام مطلوبہ افراد فائدہ اٹھاسکے ۔ وزیرخزانہ نے کامیاب جوان پروگرام کیلئے فنڈز مختص کرنے کے طریقہ کار کے ضمن میں تمام فریقوں کو حتمی تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس کی روشنی میں بجٹ میں فنڈز مختص کئے جاسکے ۔