امریکی صدر نے اپنے بیٹے کی سزا معاف کر دی،مقدمات سیاسی تھے،جوبائیڈن

107
Joe Biden

واشنگٹن ۔2دسمبر (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے بیٹےہنٹر بائیڈن کی سزا معاف کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدمات سیاسی تھے ۔ اردو نیوز کے مطابق جو بائیڈن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آج انہوں نے اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے معافی نامے پر دستخط کیے ہیں۔انہوں نے مقدمات کو سیاسی مقاصد کے حصول اور انصاف کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ان کے بہت سے سیاسی مخالفین کی جانب سے ان کے انتخاب کے بعد یہ الزامات سامنے آئے، کوئی بھی باشعور ہنٹر بائیڈن پر لگائے گئے الزامات پر نگاہ ڈالے تو وہ اس کے علاوہ کسی اور نتیجے پر نہیں پہنچ سکتا کہ ہنٹربائیڈن کو صرف اس لیے نشانہ بنایا گیا کہ وہ ان کابیٹا ہے۔

جو بائیڈن نےکہا کہ امید ہے کہ امریکی اس بات کو سمجھیں گے کہ ایک باپ اور صدر اس فیصلے کے ساتھ کیوں سامنے آیا۔ہنٹر بائیڈن کو 2018 میں بندوق رکھنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا جبکہ پراسیکیوٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے منشیات کے استعمال کے حوالے سے بھی جھوٹ بولا تھا۔اسی طرح ستمبر میں ان پر ایک 14 لاکھ ڈالر ٹیکس ادا نہ کرنے کا الزام لگا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے مالی معاملات میں بدعنوانی کا اعتراف کر لیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ وہ اعتراف جرم اپنے خاندان کو مزید شرمندگی اور تکلیف سے بچانے کے لیے کر رہے ہیں۔