واشنگٹن ۔11فروری (اے پی پی):امریکی عدالت نے وفاقی ایجنسی "آفس آف سپیشل کونسل”( او ایس سی )کے سربراہ ہیمپٹن ڈیلنگر کو عارضی طور پر ان کے عہدے پر بحال کر دیا ۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی عدالت کی خاتون جج نے جاری فیصلے کے ذریعے وفاقی ایجنسی "آفس آف سپیشل کونسل”( او ایس سی )کے سربراہ ہیمپٹن ڈیلنگر کو عارضی طور پر ان کے عہدے پر بحال کر دیا ہے ۔
ان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطرف کر دیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ڈیلنگر کو ان کی برطرفی کے حوالے سے قانونی جنگ جاری رہنے تک بحال کیا گیا ہے۔آفس آف سپیشل کونسل ایک آزاد وفاقی تفتیشی اور استغاثہ ایجنسی ہے جو وفاقی ملازمین کو غیر قانونی اقدامات سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔
خاتون جج کے مطابق ڈیلنگر نے اپنی برطرفی کے خلاف پٹیشن دائر کی تھی۔ جج کا کہنا ہے کہ ڈیلنگر کو آئندہ جمعرات کی نصف شب تک خصوصی مشیر کے عہدے پر کام جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔ جج کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ ڈیلنگر کو ان کے دفتر کی اشیاء اور لوازمات تک رسائی سے نہیں روک سکتی یا بطور خصوصی مشیر کسی بھی اور شخص کے اختیار کو تسلیم نہیں کر سکتی۔
ڈیلنگر کی برطرفی وفاقی ملازمین کی تعداد کم کرنے اور نئی شکل دینے کے لئے صدر ٹرمپ کی بڑی کوششوں کا تازہ ترین اقدام تھا۔یاد رہے کہ 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کے بعد سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مختلف وفاقی ایجنسیوں میں کام کرنے والے متعدد افراد کو برطرف کر چکی ہے،ان اداروں میں وزارت انصاف بھی شامل ہے۔پیر کو بھی، امریکی دفتر برائے گورنمنٹ ایتھکس نے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کیا کہ ٹرمپ نے اپنے ڈائریکٹر ڈیوڈ ہوئٹیما کو ہٹا دیا ہے، جس کی ڈیلنگر کی طرح گزشتہ سال سینیٹ نے تصدیق کی تھی کہ وہ پانچ سال کی مدت کے لئے ہیں۔