امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز کا یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ

140

سرگودھا۔ 20 فروری (اے پی پی):لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد یونیورسٹی کے ساتھ مختلف تعلیمی پروگراموں اور جاری پراجیکٹس پر مشترکہ کام، معاونت اور تعاون فراہم کرنا تھا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی نے یوایس قونصل جنرل کا استقبال کیا اور اس موقع پر وائس چانسلر نے انہیں یونیورسٹی میں جاری مختلف تعلیمی، تعمیراتی اور اہم پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔ اس موقع پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بتایا کہ کس طرح سے ہمارا ادارہ دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی و تحقیقی پروگراموں سے اپنے طالب علموں کی تعلیم و تربیت کررہا ہے اس وقت سرگودھا یونیورسٹی اس خطے کا سب سے بڑا اور اہم ترین ادارہ ہے جس میں 25 ہزار سے زائد طالب علم اپنی علمی پیاس بجھانے آتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے اساتذہ اور طالب علموں میں بے پناہ قدرتی ٹیلنٹ موجود ہے جسے نکھارنے کے لئے ہم نے یونیورسٹی میں باقاعدہ ایک انکیوبیشن سنٹر قائم کردیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے مزید کہا کہ یو ایس قونصل جنرل ہمارے ساتھ لنکن کارنر کی طرح مزید علمی پروگرام اور شعبہ جات شروع، ہمارے طالب علموں کو جی آر ای ٹیسٹ کے لئے معاونت اور اسکالر شپ فراہم کریں تو علاقے میں ایک علمی انقلاب برپا ہوگا۔ یو ایس قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز نے اس موقع پر وائس چانسلر اور ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز کے ہمراہ وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر اور جامعہ میں قائم لنکن کارنر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے اساتذہ اور طلبا و طالبات کے ساتھ علمی امور پرگفتگو کی اور ان کے بنائے ہوئے پراجیکٹس کو سراہا۔