تہران ۔17نومبر (اے پی پی):ایران نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے کہ وہ بحیرہ احمر میں اس ڈرون حملے کا ذمہ دار ہے جو بظاہر امریکی میزائل ڈسٹرائر کو نشانہ بنا رہا تھا۔امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نےاس بات کی تردید کی ہے کہ ان کا ملک بحیرہ احمر میں ڈرون حملے کا ذمہ دار تھا جو بظاہر امریکی میزائل ڈسٹرائر کو نشانہ بنا رہا تھا۔
انہوں نےکہا کہ وہ ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں اور ہم قطعی طور پر نہیں چاہتے کہ یہ بحران پھیلے۔ ایک سوال پر انہوں نے حماس کی طرف سے اسرائیل پر کیے گئے طوفان الاقصیٰ حملے کو اپنے دفاع کا جائز حق قرار دیا،ان کا کہنا تھا کہ حماس کے حملے فلسطینیوں کے علاقے پر اسرائیل کے 75 سالہ تسلط کا رد عمل ہے۔
انہوں نے کہاکہ حماس کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے ، ہم قطعی طور پر نہیں چاہتے کہ یہ بحران پھیلےلیکن امریکا اسرائیل کے لیے اپنی بھرپور حمایت سے غزہ میں جنگ کی وحشت کو بڑھا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کہیں بھی خواتین اور بچوں کے قتل کی مخالفت کرتا ہے۔