امریکی وزیر خارجہ کا مصری ہم منصب اور اسرائیلی وزیر دفاع سے ٹیلی فونک رابطہ ، موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

122
امریکی وزیر خارجہ کا مصری ہم منصب اور اسرائیلی وزیر دفاع سے ٹیلی فونک رابطہ ، موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

واشنگٹن ۔6نومبر (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیلی وزیر دفاع یاو گیلنٹ اور مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ٹیلیفون پر غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی وزارت خارجہ کے مطابق انٹونی بلنکن نے اسرائیلی وزیر دفاع پر زور دیا کہ وہ غزہ میں تمام شہریوں کے لیے انسانی امداد میں نمایاں اضافے کے لیے مزید اقدامات کرے۔

انہوں نے غزہ میں جنگ کے خاتمے اور تمام قیدیوں کی گھروں کی واپسی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تصادم کے بعد غزہ کے فلسطینیوں کے لیے تعمیر نو کا لائحہ عمل مرتب کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔فریقین نے لبنان میں لبنانی اور اسرائیلی شہریوں کی اپنے گھروں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی حل کے حصول کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

عبدالعاطی کے ساتھ گفتگو میں بلنکن نے غزہ میں جنگ کے خاتمے اور انسانی امداد میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں نے لبنان میں بلیو لائن کی دونوں جانب کے شہریوں کی گھروں کی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی حل کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔امریکی رہنما نے یہ بھی کہا کہ لبنانی قیادت کو صدارتی عہدے کی خالی نشست کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنا چاہیے۔