امن کی خواہش ہماری طاقت ہے، اسے کبھی بھی کمزوری نہ سمجھا جائے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ٹویٹ

68

اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ امن کی خواہش ہماری طاقت ہے، اسے کبھی بھی کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی کامیاب جوابی کارروائی کو 2 برس مکمل ہونے پر اپنے ٹویٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی خطے میں امن برقرار رکھنے کی خواہش ہماری کمزوری نہیں بلکہ طاقت ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی بھارتی کوشش کو ناکام بنانے پر ملک کی چوکس مسلح افواج کو سلام بھی پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے بھارتی جنگی طیارے کو اپنے علاقے میں گرا کر تمام جارحیت پسندوں کے خلاف عزم اور برتری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن کشمیر کے مظلوم عوام کی قربانیوں کی قیمت پر نہیں۔