انسانی حقوق کا تحفظ پاکستان کا آئینی فریضہ ہے،نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام

147
Caretaker Foreign Minister Jalil Abbas Jilani
Caretaker Foreign Minister Jalil Abbas Jilani

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ پاکستان میں آئینی فریضہ اور باعث تقلید عمل ہے، پاکستان کی جمہوری روایات، سول سوسائٹی، میڈیا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام شہریوں کے حقوق اور آزادیوں کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کو تقویت دیتے ہیں۔

اتوار کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ انسانی حقوق کے اس دن پر پاکستان انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ (یو ڈی ایچ آر) کو اختیار کرنے کی 75 ویں سالگرہ کی یاد میں عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعلامیہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے احترام و فروغ کے لئے انسانی کوششوں کے تسلسل کا باعث بنا ہے۔ پاکستان اس سال انسانی حقوق کے عالمی دن کے بنیادی پیغام ”آزادی، مساوات اور انصاف”کا خیرمقدم کرتا ہے،

انہوں نے کہا کہ ہم ان مشترکہ نظریات کے حصول میں ہونے والی پیش رفت کا جشن منانے کے لئے عالمی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ ان بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی چھوٹ سے پیدا ہونے والے خطرات پر غور کرنے کا بھی ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی، انصاف اور مساوات کے اعلی تصورات کے حصول میں بھڑکتے اور حل نہ ہونے والے تنازعات سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ حال ہی میں، موسمیاتی تبدیلی اور کوویڈ۔19 وبائی مر ض نے ممالک کے اندر اور ان کے درمیان ساختی عدم مساوات کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ امتیازی سلوک، عدم برداشت اور نسل پرستی کی نئی اشکال، اسلامو فوبیا اور مسلم مخالف نفرت جیسے افعال میں اضافہ ہو رہا ہے اور غلط معلومات پھیلانے کے لیے نئی ٹیکنالوجیز کے غلط استعمال سے بھی اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان امن کلچرکو فروغ دینے کے لیے مستقل اور مربوط عالمی ردعمل کا مطالبہ کرتا ہے۔ یو ڈی ایچ آرکی 75 ویں سالگرہ پر، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور یو ڈی ایچ آر میں درج خود ارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کی ناقابل تبدیل اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ہم بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطین کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ قابض طاقتوں کی جانب سے بین الاقوامی انسانی قانون کو نظر انداز کرنے سے کشمیری اور فلسطینی عوام کی آزادی اور خود ارادیت کی خواہشات کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیری اور فلسطینی عوام کی دلیرانہ مزاحمت اور ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔