انسداد ڈینگی اقدامات میں فرضی کارروائیاں کرنے والے اپنا قبلہ درست کرلیں ،آئندہ دوماہ لاروا کی افزائش کے حوالے سے حساس نوعیت کے ہیں، ڈپٹی کمشنر

10

چنیوٹ۔ 17 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے خبردار کیا ہے کہ انسداد ڈینگی اقدامات میں فرضی کارروائیاں کرنے والے اپنا قبلہ درست کرلیں کیونکہ آئندہ دوماہ لاروا کی افزائش کے حوالے سے حساس نوعیت کے ہیں جس میں کسی قسم کی لاپروائی کی قطعا ًگنجائش نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سمیت دیگر محکموں کے سربراہان کو باور کرایا کہ وہ اینٹی ڈینگی سرویلنس پر مامور ٹیموں کو متحرک کریں اور فیلڈ میں ان کی موجودگی کے ساتھ ہاٹ سپاٹس کی چیکنگ اور لاروا ملنے پر کیمیکل ٹریٹمنٹ کے لئے فوری ردعمل یقینی بنائیں۔

انہوں نے اینڈرائیڈ موبائل یوزرز کو حقائق پر مبنی رپورٹنگ کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے کے خلاف ایکشن لے کر ڈی سی آفس کو آگاہ کیا جائے۔انہوں نے آؤٹ ڈور سرویلنس کا دائرہ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان ڈور چیکنگ میں بھی کوئی مقام نظروں سے اوجھل نہیں ہونا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہاٹ سپاٹس کی چیکنگ میں زیروٹالرنس ہے، شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کا پیغام دیں اور اس ضمن میں موثر آگاہی مہم شروع کی جائے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر نے سرویلنس سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔