انٹونی بلنکن کی فلسطینی صدر اور اسرائیلی وزیر اعظم سے ٹیلی فونک گفتگو، موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

82
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن

واشنگٹن ۔6ستمبر (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نےفلسطینی صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے الگ الگ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدرعباس کے ساتھ بات چیت میں وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مغربی کنارے میں جاری تشدد کے بارے مسلسل تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بیان کے مطابق انہوں نے فلسطینی عوام کی آزادی اور سلامتی کو فروغ دینے اور معیارِزندگی کو بہتر بنانے کے اقدامات کے لیے امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماوں نے فلسطین کے دیرینہ تنازع کے دو ریاستی حل کی حمایت اور اس کی افادیت کو معرض خطرے میں ڈالنے والے اقدامات کی مخالفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔یہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی یہودی آباد کاروں کے لیے تعمیرکردہ غیر قانونی بستیوں کا بالواسطہ حوالہ ہے۔

امریکی وزیرخارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور ان سے گفتگو میں دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور اسرائیل کی سلامتی کے لیے امریکا کے عزم کا اعادہ کیا۔محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اور نیتن یاہو نے اسرائیل کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر قبضے کو وسعت دینے اور ایران کی جانب سے درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔انٹونی بلنکن نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کی آزادی، سلامتی اور خوش حالی کو یقینی بنانے سے متعلق پالیسیوں کے لیے امریکا کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔