کراچی۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):سری لنکا انڈر 19کرکٹ ٹیم نے پاکستان انڈر19ٹیم کو فیصلہ کن پانچویں ون ڈے میچ میں 165رنز سے شکست دے کر سیریز 2-3 سے جیت لی۔ منگل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان انڈر 19نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا انڈر 19 ٹیم نے 9وکٹوں کے نقصان پر293رنز بنائے،سینتھ جے وردھنے 82رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ،روسنداگاماگے نے 66اورپولندوپریرانے47رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عبید شاہ ،محمد ابتسام اور عرفات منہاس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آفتاب احمد ، نوید احمد خان اور ہارون ارشد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان انڈر 19ٹیم مطلوبہ ہدف پورا کرنے میں ناکام رہی اور32.3اوورز میں 128 رنز پر آل آئوٹ ہوگئی ۔پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس 57رنز کے ساتھ نمایاں رہے ،شامل حسین 14،طیب عارف11،ہارون ارشد17،حمزا نواز 13اور نوید احمد خان 9رنز اسکور کر سکے۔سری لنکن بولرز میں ویھاس تھیومیکا اور مالشا تھروپاتھی نے 3،3وکٹیں حاصل کیں جبکہ ویشوالاہیرو نے 2، گاروکاسنکیتھ اور دنوراکالوپاھانا ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔