انگلش پریمیئر لیگ، لیور پول اور نیو کیسل یونائیٹڈ نے اپنے میچز جیت لئے

185
English Premier League
English Premier League

لندن۔24فروری (اے پی پی):لیورپول نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم کو 0-2گول سے ہرا دیاجبکہ نیو کیسل یونائیٹڈ نے ایک اور میچ میں سخت مقابلے کے بعد ناٹنگھم فارسٹ کو 3-4 گول سے ہرا دیا۔ پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔سینٹ جیمز پارک نیو کیسل اپون ٹائن میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں نیوکیسل یونائیٹڈ اور ناٹنگھم فارسٹ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد نیوکیسل یونائیٹڈ کی ٹیم نے ناٹنگھم فارسٹ کی ٹیم کو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔

الیگزینڈر اسک نے دو جبکہ لیوس مائلی اور جیکب مرفی نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم نیوکیسل یونائیٹڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ناٹنگھم فارسٹ کی جانب سے کالم ہڈسن اوڈوئی ،نکولا میلینکووچ اورریان یٹس نے ایک ایک گول سکور کیا۔یہ نیوکیسل یونائیٹڈ کی ای پی ایل میں 13 ویں فتح ہے۔

اتحاد سٹیڈیم ، مانچسٹر میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں انگلش پریمیئر لیگ کی ٹاپ پوزیشن پر موجود ٹیم لیورپول اور ای پی ایل کی دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیمیں میں آمنے سامنے تھیں جس میں لیورپول کی ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم کو 0-2 گول سے ہرا دیا۔ محمد صلاح اور ڈومینک سوبوسزلائی نے ایک ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم لیورپول کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم میچ میں کوئی گول سکور نہ کر سکی۔ یہ لیورپول کی ای پی ایل میں 19 ویں فتح ہے اور اس فتح کے بعد لیورپول کی ٹاپ پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔