جدہ۔16نومبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے الشفاءمیڈیکل کمپلیکس میں دراندازی اور غزہ شہر کے ہسپتالوں کے مسلسل محاصرے، بجلی، ایندھن اور خوراک منقطع کرنے سمیت طبی عملے اور بے گھر افراد کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔
او آئی سی نے جمعرات کو جدہ میں جاری بیان میں کہا کہ انکیوبیٹرز میں بیمار و زخمی اور قبل از وقت پیدا ہونے والے بچے جبکہ الشفاءمیڈیکل کمپلیکس بڑی تعداد میں شہداءکی نعشوں سے بھرا پڑا ہے۔ بیان کے مطابق رہائشی مکانات، اہم انفراسٹرکچر اور ضروری سہولیات پر بمباری جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں کے خلاف یہ اجتماعی سزا اور نسل کشی بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ایک جنگی جرم ہے۔
او آئی سی اقوام عالم سے اپنے اس مطالبے کی تجدید کرتا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو فوری اور مکمل طور پر روکنے اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی محفوظ اور پائیدار ترسیل کے لئے انسانی ہمدردی کی راہداریوں کے کھولنے کو یقینی بنانے کے لئے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔