
اسلام آباد ۔ 20 اگست (اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے سیکرٹری جنرل ایاد امین مدنی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو پر امن طریقے سے حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ او آئی سی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ مقبوضہ وادی میں صورتحال بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں۔افغانستان میں امن اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں،افغانستان سے متعلق علماءکانفرنس کیلئے مشاورت جاری ہے۔ہفتہ کو یہاں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار اور مسئلہ کشمیر کو پر امن طریقے سے حل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادی مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف آواز بلند کرنے اور عملی قدم اٹھانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کو دکھانے کیلئے کوششیں مزید تیز کرنی چاہئیں۔